پاک افغان تجارتی تعلقات کی بحالی، چین تعمیری کردار ادا کرنے کا خواہشمند

پاک افغان تجارتی تعلقات کی بحالی، چین تعمیری کردار ادا کرنے کا خواہشمند
کیپشن: پاکستان اور افغانستان دونوں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، چینی ترجمان۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

بیجنگ: چین نے پاکستان اور افغانستان کی جانب سے کورونا وائرس کی وبا کے اثرات پر قابو پانے کے بعد دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات کی بحالی کو سراہا ہے۔چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چن ینگ نے بیجنگ میں معمول کی میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ چین دونوں ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات دیکھنا چاہتا ہے اور ان کی اقتصادی ترقی کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس سلسلے میں تعمیری کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں۔

چینی ترجمان نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ گوادر کی بندرگاہ اور سی پیک کے دوسرے منصوبے مثبت کردار ادا کر رہے ہیں اور ہم اس سلسلے میں پاکستان اور افغانستان دونوں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان نے گزشتہ چند ہفتوں میں افغانستان کے ساتھ دو طرفہ اور راہداری تجارت کے لئے پانچ اہم راستے کھول دئیے ہیں جس کا مقصد جنگ سے تباہ حال افغانستان میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

یہ سرحدی راستے اب ہفتے میں چھ دن چوبیس گھنٹے کھلے رہتے ہیں تاکہ سرحد پار تجارت کو فروغ دیا جاسکے جو کوروناوائرس کی وبا کےباعث دونوں ملکوں میں متاثر ہوئے تھے۔