پہلا ٹی 20، پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 31 رنز سے شکست دیدی

پہلا ٹی 20، پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 31 رنز سے شکست دیدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

نوٹنگھم: پاکستان کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹی 20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 31 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ٹرینٹ برج نوٹنگھم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے۔ 
کپتان بابراعظم نے 49 گیندوں پر 3 چھکوں اور8 چوکوں کی مدد سے 85 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان 63، صہیب مقصود 19، فخر زمان 26 اور محمد حفیظ 24 رنز بنا سکے۔ 
انگلینڈ کی جانب سے ٹام کیورن سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 47 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ڈیوڈ ویلی، ثاقب محمود اور لوئس گریگوری نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
انگلینڈ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 19.2 اوورز میں صرف 201 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، لائم لیونگ سٹون نے 43 گیندوں پر 9 چھکوں 6 چوکوں کی مدد سے 103 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی مگر اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ 
دیگر بلے بازوں میں جیسن روئے 32، جونی بیرسٹو 32، معین علی 1، این مورگن 16، لوئس گریگوری 10، ڈیوڈ ویلی 16 اور ٹام کیورین صرف ایک سکور بنا سکے۔ 
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 3.2 اوورز میں 30 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور شاداب خان نے بھی 4 اوورز میں 52 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عماد وسیم، محمد حسنین اور حارث رؤف ایک، ایک وکٹ حاصل کر سکے۔