محمد رضوان نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا

محمد رضوان نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

نوٹنگھم: پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ کے دوران ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے رواں سال سب سے زیادہ ٹی 20 رنز بنانے والے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستانی اوپنر نے انگلینڈ کے خلاف گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں نصف سنچری سکور کی اور اپنے ہم وطن فخر زمان کو پیچھے چھوڑ دیا۔ فخر زمان نے 2018ءمیں مختصر ترین دورانیے کی کرکٹ میں ایک سال کے دوران 576 انٹرنیشنل رنز بنائے تھے۔
محمد رضوان نے اس سال کے دوران 11میچوں کی 11 اننگز میں 593 رنز بنائے ہیں جبکہ وہ 2 بار صفر پر بھی آؤٹ ہوئے۔ پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز نے رواں برس کے دوران 1 سنچری اور 6 نصف سنچریاں سکور کیں، اس دوران انہوں نے 55 چوکے اور 19 چھکے لگائے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 31 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے بابراعظم کے 85 اور محمد رضوان کے 63 رنز کی بدولت 232 رنز بنائے۔ 
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 19.2 اوورز میں صرف 201 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ لائم لیونگ سٹون نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 43 گیندوں پر 9 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 103 رنز بنائے تاہم اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔