صوبہ پنجاب میں مزید 24 شہریوں میں ڈیلٹا وائرس کی تصدیق ہو گئی

صوبہ پنجاب میں مزید 24 شہریوں میں ڈیلٹا وائرس کی تصدیق ہو گئی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: صوبہ پنجاب میں مزید 24 شہریوں میں ڈیلٹا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے اور یہ تمام افراد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جنہوں نے بیرون ملک سفر بھی کیا تھا۔ 
محکمہ صحت کے مطابق ڈیلٹا وائرس کے 30 مشتبہ مریضوں کے نمونے ٹیسٹ کیلئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد بھجوائے گئے تھے جن میں سے 24 مریضوں میں ڈیلٹا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت کا بتانا ہے کہ 12 مریضوں کا تعلق لاہور اور 12 کا گوجرانوالہ سے ہے، ڈیلٹا مثبت آنے والے تمام 24 افراد نے بیرون ملک سفر کیا تھا، یہ مریض مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
دوسری جانب کراچی میں مزید 65 افراد میں ڈیلٹا ویرینٹ کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ جامعہ کراچی میں قائم بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم( آئی سی سی بی ایس) میں کی گئی تحقیق کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 62 نمونوں کی جانچ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ان نمونوں میں سے 163 کورونا کے مثبت کیس رپورٹ ہوئے جن میں سے 65 افراد میں ڈیلٹا قسم کی نشاندہی ہوئی ہے۔ سربراہ آئی سی سی بی ایس پروفیسر اقبال چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت میں تباہی پھیلانے والے ڈیلٹا ویرینٹ کی سندھ میں موجودگی تحقیق سے ثابت ہے جو کراچی کے مختلف علاقوں میں تشخیص ہوئے ہیں۔