برا وقت ختم ہو گیا، انگلینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے: شاہین شاہ آفریدی

برا وقت ختم ہو گیا، انگلینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے: شاہین شاہ آفریدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

نوٹنگھم: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں جیت کو شاندار قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ برا وقت ختم ہو گیا اب ہم انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ورچوئل پریس کانفرنس میں انگلینڈ کے خلاف شاندار پرفارمنس پر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ جب ہار جائیں تو تنقید ہوتی ہیں اور جیت پر لوگ تعریف بھی کرتے ہیں لیکن میرے نزدیک جب کارکردگی خراب ہوتو اس وقت بھی سپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے جس نے بیٹنگ اور باؤلنگ میں زبردست کھیل پیش کیا، بابراعظم اور محمد رضوان نے اچھی بنیاد رکھی جس سے زیادہ سکور کا مجموعہ بنا جس کے بعد باﺅلرز نے بھی اچھی کارکردگی دکھائی، اس جیت سے ہمارے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے، اگلے میچز میں بھی کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ 
شاہین شاہ آفریدی نے انگلینڈ کے ہاتھوں ون ڈے سریز میں شکست پر کوچز کی طرف سے ڈانٹ ڈپٹ کے تاثر کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہوتا، مشکل وقت میں کوچز نے ہمیشہ رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی، ون ڈے سیریز میں پرفارمنس اچھی نہیں ہوئی، میرے خیال میں برا وقت چل رہا تھا مگر اب برا وقت ختم ہو گیا ہے۔ 
فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ اب ٹی 20سیریز میں ایک بہتر پلاننگ کے ساتھ ہم میدان میں اترے اورسب نے محنت کرکے اس جیت میں اپنا کردار ادا کیا، اچھی پرفارمنس سے اعتماد میں اضافہ ہواہے، لیونگ سٹون نے زبردست اننگز کھیلی اور اسے آؤٹ کرنے کی پلان یہ ہی تھا کہ کم سے کم سٹرائیک دیں اور آخر کار شاداب نے اس کو آؤٹ کرکے جیت کی راہ ہموار کی۔