آزاد کشمیر کے عوام نے الیکشن سے قبل نواز شریف کے حق میں فیصلہ سنا دیا: مریم نواز

Azad Kashmir, Nawaz Sharif, election, Maryam Nawaz, PML-N

اسلام گڑھ: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے الیکشن سے قبل نواز شریف کے حق میں فیصلہ سنا دیا ۔

اسلام گڑھ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کشمیر کی ایک ، ایک وادی نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے ۔ نواز شریف کے حق میں پورے کشمیر میں آوازیں گونج رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اب مخالف پارٹیاں بھی مان رہی ہیں کہ ن لیگ نے دوسری پارٹیوں کی دوڑیں لگوا دیں ہیں ۔ یہ 2018 نہیں ہے ، جب تم آر ٹی ایس کا بٹن دبا کر الیکشن چوری کرکے اقتدار میں آئے اور ن لیگ نے یہ فیصلہ مان لیا تھا ۔ اگر آزاد کشمیر کا الیکشن چوری کیا تو یہ کشمیری تمہیں نہیں چھوڑیں گے ۔

لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان بھی آج باغ تشریف لا رہے ہیں ، جانتے ہیں عمران خان نے باغ سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کیوں کیا ہے ۔ باغ میں انہوں نے ایک اے ٹی ایم ڈھونڈ لی ہے ۔ عمران خان کو جہاں سے پیسے ملتے ہیں وہ وہیں جاتے ہیں ۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان جب باغ آئیں تو انہیں ایک تختی والا ہار پہنانا ، اس ہار پر لکھا ہو آٹا چوری پر آپ کو ویلکم کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کشمیر کو بھارت کی جھولی میں ڈال کر امریکا سے واپس آئے تو کہا ایسے لگتا ہے جیسے ورلڈ کپ جیت کر آیا ہوں ۔

نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ عمران خان نے کشمیر کو بھارت کی جھولی میں ڈالنے پر کہا 2 منٹ کی خاموشی اختیار کریں ، عمران خان کی 2 منٹ کی خاموشی آج تک نہیں ٹوٹ سکی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر فائرنگ کر رہی ہے ، آزاد کشمیر میں وزیر امور کشمیر عوام پر فائرنگ کر رہا ہے ۔