مقبوضہ کشمیر میں جاری خون خرابے کی ذمہ دار بھارتی حکومت ہے، سید علی گیلانی

مقبوضہ کشمیر میں جاری خون خرابے کی ذمہ دار بھارتی حکومت ہے، سید علی گیلانی

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین سید علی گیلانی نے ریاست میں جاری خون خرابے پر سخت افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کا ذمہ دار بھارتی حکومت کوقراردیا ہے جو کشمیر کے حوالے سے ضد اور ہٹ دھرمی کی پالیسی پر قائم ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے کولگام میں شہید ہونے والے نوجوانوں جنید متو اور عادل احمد میرکے نماز جنازوں سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے مقدس خون کا تقاضا ہے کہ ہم ان کے چھوڑے ہوئے مشن کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا حق ادا کریں اور ان شہدا کے خون کی قیمت ظالم اور جابر سے مراعات کے عوض طلب نہ کریں، یہی ہمارے لیے شہداء کے حق میں بہترین خراج ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ قیمتی انسانی زندگیوں کے اتلاف پر کوئی ذی ہوش اور انسانی دل رکھنے والا شخص خوش نہیں ہوسکتا لیکن دہلی کے پالیسی ساز کشمیریوں کے لیے رحم اور نرمی کا کوئی جذبہ نہیں رکھتے ہیں اور وہ سیاسی اور انسانی طریقہ اپنانے کے بجائے کشمیریوں کو طاقت کے بل پر دبانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔آزادی پسند راہنما نے کہاکہ بھارت نواز جماعتیں اور رہنما ہماری مشکلات کے لیے سب سے بڑے ذمہ دار ہیں۔ یہ لوگ صرف اپنے مفادات سے مطلب رکھتے ہیں اور ان کو کشمیریوں کے جینے اور مرنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو ختم کیا جارہا ہے، ہماری عزتوں پر حملے کئے جارہے ہیں، ہمارے مکانوں کو زمین بوس کیا جارہا ہے، آزادی پسندوں کو این آئی اے کے ذریعے فرضی کیسوں میں ملوث کیا جارہا ہے اور ہمارے نو جوانوں کو جیلوں اور انٹروگیشن سینٹروں میں سڑایا جارہا ہے،ہمیں دانے دانے کا محتاج بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن بھارت نواز رہنما اندھوں اور بہروں کی طرح صرف اپنی کرسیوں کے ساتھ چمٹے رہتے ہیں اور بھارت کی طرف سے جاری ظلم وجبر کے خلاف ان کی زبانیں گنگ رہتی ہیں۔

مصنف کے بارے میں