ورلڈ کپ کے بعد کرکٹ بورڈ سمیت ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان

ورلڈ کپ کے بعد کرکٹ بورڈ سمیت ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان
کیپشن: image by facebook

لاہور:کرکٹ ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے  , پاکستانی کرکٹ ٹیم کا کرکٹ ورلڈ کپ میں شکستوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں رہا ، ایک کے بعد میچوں میں شکست کا سلسلہ جاری ہے ، روایتی حریف بھارت کیخلاف میچ میں شکست کے بعد کھلاڑی سخت تنقید کی زد میں ہیں۔قومی ٹیم نے اب تک میگا ایونٹ میں پانچ میچز کھیلے ہیں جس میں سے تین میچوں  میں شکست ہوئی جبکہ میزبان انگلینڈ کیخلاف میچ میں قومی ٹیم نے کامیابی حاصل کی ، سری لنکا کیخلاف میچ میں پاکستانی ٹیم کا میچ بارش کی نظر ہونے کی وجہ سے ایک ہی پوائنٹ مل سکا۔

میگا ایونٹ میں تین شکستوں کے بعد قومی ٹیم کے ورلڈ کپ سے اخراج کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے ، اب ایونٹ میں جگہ بنائے رکھنے کے لیے قومی ٹیم کو آئندہ چاروں میچوں میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ٹیم مینجمنٹ کی بات کی جائے تو کوچ مکی آرتھر ، اظہر محمود اور گرانٹ فلاور کے معاہدے ورلڈ کپ کے بعد ختم ہو رہے ہیں جس میں توسیع کے امکانات بہت کم دکھائی دے رہے ہیں ، اس کے ساتھ چیف سلیکٹر انضمام الحق کی بھی مدت ملازمت ورلڈ کپ کے بعد ختم ہو رہی ہے جس میں توسیع کے امکانات بہت کم ہیں ۔

دوسری جانب قومی ٹیم میں شعیب ملک سمیت متعدد کھلاڑی اپنا آخری ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں اور اس کے بعد کپتان سرفراز احمد کو بھی کپتانی سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔