نیوزی لینڈ  میں  کورونا وائرس کے دو نئے کیس سامنے آگئے

نیوزی لینڈ  میں  کورونا وائرس کے دو نئے کیس سامنے آگئے

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ میں 24 دن بعد کورونا وائرس کے دو نئے کیس سامنے آنے کے بعد کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرنے والی لیبارٹریز کے سامنے ایک بار پھر طویل قطاریں لگ گئی ہیں اور دنیا کے مختلف ممالک نے احتیاطی تدابیر میں غیر ضروری نرمی پر نیوزی لینڈ کی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

نیوزی لینڈ کی اخبار کی رپورٹ کے مطابق آک لینڈ میں ایک لیبارٹری کے سامنے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرانے والوں کی کم از کم پچاس گاڑیاں کھڑی دیکھی گئی ہیں۔

کورونا کے دو کیسز برطانیہ سے آنے والی دو خواتین ہیں جن کا نیوزی لینڈ پہنچنے پر کورونا ٹیسٹ نہیں کیا گیا تاہم سڑک کے راستے سفر کے بعد جب یہ خواتین اپنے والدین میں سے ایک کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے ویلنگٹن پہنچیں تو ان کا ٹیسٹ کیا گیا جو پازیٹو آیا۔ اس کے بعد ان خواتین کو فوری طور پر قرنطینہ کر دیا گیا ہے اور جن چند افراد سے ان کی ملاقات ہوئی ان کی بھی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس ٹیسٹ کے لئے ایسے بھی بہت سے لوگ لیبارٹریز پہنچ رہے ہیں جو برطانیہ سے آنے والی خواتین سے رابطوں میں نہیں آئے۔ایک لیبارٹری میں کام کرنے والے عملہ کے ایک رکن کا کہنا ہے کہ موسم سرد ہونے کی وجہ سے بہت سے لوگ فلو کا شکار ہیں اور وہ احتیاطاً کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروا رہے ہیں تاہم ان میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔