چوہدری برادران کی درخواست، نیب سے جواب طلب

چوہدری برادران کی درخواست، نیب سے جواب طلب

لاہور: ہائیکورٹ نے چوہدری برادران کی درخواست  پر نیب سے جواب طلب کر لیا ۔  لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل بنچ نے چوہدری برادران کی  نیب کے چیئرمین کے اختیارات کیخلاف درخواست    پر  سماعت کی۔

دورانِ سماعت عدالتِ عالیہ نے نیب کو 6 جولائی کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے اس سے جواب طلب کر لیا۔ چوہدری برادران نے چیئرمین نیب کے اختیارات کو چیلنج کر رکھا ہے، ان کی جانب سے نیب کی 3 انکوائریز کو چیلنج کیا گیا ہے۔

چوہدری برادران نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ نیب سیاسی انجینئرنگ کرنے والا ادارہ ہے، نیب کے کردار اور تحقیقات کے غلط انداز پر عدالتیں فیصلے بھی دے چکی ہیں۔

درخواست گزاروں کا موقف ہے کہ چیئرمین نیب نے 20 سال پرانے معاملے کی دوبارہ تحقیقات کا حکم دیا ہے، چیئرمین نیب کو 20 سال پرانی اور بند کی جانے والی انکوائری دوبارہ کھولنے کا اختیار نہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل چوہدری برادران کی درخواستوں پر سماعت کرنے والا بنچ دو بار تحلیل ہو چکا ہے۔