بی این پی مینگل نے پی ٹی آئی سے اتحاد ختم کر دیا

بی این پی مینگل نے پی ٹی آئی سے اتحاد ختم کر دیا
کیپشن: بلوچستان کو برابر کا حصہ دینا ہو گا اور آج نہیں تو کل دینا ضرور ہو گا، اختر جان مینگل۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) نے تحریک انصاف سے اتحاد ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے تحریک انصاف سے اتحاد ختم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایوان میں موجود رہیں گے اور اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے اختر جان مینگل نے کہا کہ بلوچستان آپ کا مقروض نہیں اور اگر حساب کریں تو آپ کا ایک ایک بال بلوچستان کا قرض دار ہوگا، سوئی گیس کی رائلٹی تو چھوڑیں ہمیں گیس سونگھنے کو بھی نہیں ملتی، میرے بلوچ کا خون کیوں زیر بحث نہیں آتا، کیا اس کا رنگ ٹماٹر کے رنگ سے زیادہ خراب ہے، ہمیں کوئی لائن میں نہیں لگنے دیتا اور آپ آن لائن کی بات کر رہے ہیں،  لوگوں کے مجھے مسیجز آئے کہ ہمارے بچوں کو مت پڑھاؤ، اگر ہمارے بچے پڑھ گئے تو حق اور ناحق میں فرق کرنا سیکھ جائیں گے۔ بلوچستان کو برابر کا حصہ دینا ہو گا اور آج نہیں تو کل دینا ضرور ہوگا۔

واضح رہے کہ بی این پی مینگل کی علیحدگی کے بعد وفاقی حکومت قومی اسمبلی میں 4 ووٹوں سے محروم ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ سینیٹ میں بھی ایک ووٹ کم ہوگیا ہے۔ اس طرح تحریک انصاف کے لیے مسلم لیگ (ق)، ایم کیو ایم ، بی اے پی اور جی ڈی اے کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔