پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کا سلسلہ جاری، مزید 46 شہری جاں بحق  

Corona virus continues to kill in Pakistan, 46 more civilians killed
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور:  (نیو نیوز) عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید چھیالیس شہری اس موذی مرض میں مبتلا ہو کر جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ ایک ہزار ایک سو انیس نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد اکیس ہزار آٹھ سو چوہتر جبکہ پازیٹو کیسوں کی تعداد نو لاکھ پینتالیس ہزار ایک سو چوراسی ہو چکی ہے۔

این سی او سی کی جانب سے جاری ڈیٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان فعال کیسوں کی تعداد چھتیس ہزار دو سو پندرہ جبکہ آٹھ لاکھ ستاسی ہزار پچانوے افراد اس موذی مرض سے صحتیاب ہو کر نارمل زندگی گزار رہے ہیں۔

کورونا کی وجہ سے زیادہ اموات پنجاب میں رپورٹ ہوئی ہیں، جہاں دس ہزار پانچ سو چھیاسی شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

صوبہ سندھ میں پانچ ہزار دو سو بانوے، خیبر پختونخوا چار ہزار دو سو سیتالیس، اسلام آباد سات سو تہتر، گلگت بلتستان ایک سو آٹھ، بلوچستان میں دو سو ستانوے اور آزاد کشمیر میں پانچ سو اکہتر افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

اسلام آباد میں کورونا کیسوں کی تعداد بیاسی ہزار دو سو ترپن، خیبر پختونخوا ایک لاکھ چھتیس ہزار چار سو چوہتر، صوبہ پنجاب میں تین لاکھ چوالیس ہزار پانچ سو بارہ، صوبہ سندھ تین لاکھ انتیس ہزار نو سو سینتالیس، بلوچستان چھبیس ہزار چار سو نو، آزاد کشمیر انیس ہزار آٹھ سو چوالیس اور گلگت بلتستان میں پانچ ہزار سات سو پینتالیس افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں شہریوں کو کورونا وائرس کے موذی مرض سے بچانے کیلئے ان کی ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے تاہم گزشتہ چند دنوں سے یہ شکایات سامنے آ رہی ہیں کہ ملک کے بڑے شہروں میں حفاظتی ٹیکے ختم ہو چکے ہیں۔

شہریوں کی ویکسی نیشن کے لیے گلگت بلتستان میں 16، آزاد کشمیر میں 25، اسلام آباد میں 14، بلوچستان میں 44، خیبر پختونخوا میں 280، سندھ میں 14 اور صوبہ پنجاب میں 189 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔