پنجاب اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ایوان چلانے کیلئے معاملات طے پا گئے

پنجاب اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ایوان چلانے کیلئے معاملات طے پا گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پنجاب اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ایوان کو چلانے کیلئے معاملات طے پا گئے ہیں اور اپوزیشن ارکان نے ایوان میں شور شرابا نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ایوان میں پارلیمانی طرز عمل اختیار کر نے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی زیر صدارت بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراءراجہ بشارت، میاں اسلم اقبال اور چوہدری ظہیر الدین شریک ہوئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ملک ندیم کامران، سمیع اللہ چوہدری، خلیل طاہر سندھو اور پیپلز پارٹی کے سید حسن مرتضیٰ بھی شریک ہوئے۔ 
اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کا بجٹ اجلاس پر امن چلانے پر اتفاق ہوا جبکہ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ اپوزیشن لیڈر کی تقریر پرامن طریقے سے سنی جائے گی اور اپوزیشن حکومتی ارکان کی تقریروں میں مداخلت نہیں کرے گی۔ 
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ہمیں ہاؤس کو ضابطے کے تحت چلانا ہے اس لئے ارکان اسمبلی اپنی باری پر بجٹ کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کریں، ارکان کی طرف سے ایوان سے مثبت پیغام جانا چاہئے۔