پاکستان میں 5G ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے: عاطف خان

پاکستان میں 5G ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے: عاطف خان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

پشاور: وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خیبر پختونخواہ عاطف خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں5جی ٹیکنالوجی استعمال کرنے کوشش کی جارہی ہے جس کی رفتار 10 گنا زیادہ ہو گی۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خیبر پختونخواہ عاطف خان نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹیکنالوجی سے میڈیکل اوردوسرے شعبوں میں آسانیاں پیدا کررہے ہیں جبکہ5جی ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق منفی تاثر دیا جاتا ہے جو کہ بے بنیاد ہے، ہم پاکستان میں 5 جی ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس کی رفتار 4 جی کے مقابلے میں 10 گنا زیادہ ہے۔ 
صوبائی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے مزید کہا کہ ، 40 کنال پرمشتمل پشاورمیں ڈیجیٹل کمپلیکس اور مردان میں سپیشل اکنامک زون بنایا جائے گا جبکہ سوات میں آئی ٹی پارک کی تعمیربھی منصوبوں میں شامل ہیں۔ 
گزشتہ روز وزارت آئی ٹی کے تحت بنوں میں ملک کا 20 واں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کیا گیا، پارک بنوں یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی میں خیبر پختونخواہ آئی ٹی بورڈ کے اشتراک سے قائم کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ، خیبرپختونخواہ آئی ٹی بورڈ اور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے۔