افریقی ملک میں دنیا کا تیسرا سب سے بڑا ہیرا دریافت ہو گیا

افریقی ملک میں دنیا کا تیسرا سب سے بڑا ہیرا دریافت ہو گیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

گیبورونے: افریقی ملک بوٹسوانا میں دنیا کا تیسرا سب سے بڑا ہیرا دریافت ہوا ہے جسے خصوصی تقریب میں بوٹسوانا کے صدر ماسیسی کے سامنے پیش کیا گیا۔ 
تفصیلات کے مطابق ہیروں کی کمپنی ’دیبسوانا‘ کے منیجنگ ڈائریکٹر لائنیٹ آرمسٹرونگ نے 1,098 قیراط کا یہ ہیرا خصوصی تقریب میں بوٹسوانا کے صدر ماسیسی کے سامنے پیش کیا جو 73 ملی میٹر لمبا، 52 ملی میٹر چوڑا ہے جبکہ اس کی موٹائی 27 ملی میٹر ہے۔ 
مذکورہ ہیرے کو دنیا کا تیسرا سب سے بڑا ہیرا قرار دیا جا رہا ہے جبکہ اس سے قبل 1905ءمیں جنوبی افریقہ سے ہی 3,106 قیراط اور پھر 2015ءمیں 1,109 قیراط کا ہیرا بھی دریافت ہو چکا ہے۔ 
ہیروں کی کمپنی ’دیبسوانا‘ کے منیجنگ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ کمپنی کی 50 سالہ تاریخ میں دریافت کیا جانے والا یہ اب تک کا سب سے بڑا ہیرا ہے اور ابتدائی معائنے سے ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ یہ دنیا کا تیسرا بڑا ہیرا ہو سکتا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ تاحال اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا کہ یہ ہیرا ہم اپنی کمپنی کے ذریعے فروخت کریں گے یا پھر حکومت کے زیر انتظام ’اوکاوانگو ڈائمنڈ کمپنی‘ کے ذریعے فروخت کیلئے پیش کیا جائے گا۔