دبئی میں دنیا کی بلندترین تھری ڈی عمارت کی تعمیر

دبئی میں دنیا کی بلندترین تھری ڈی عمارت کی تعمیر

دبئی :کاغذ پر الفاظ اور تصاویر پرنٹ کرنے کا زمانہ پرانا ہوگیا کیونکہ اب روزمرہ استعمال کی اشیاءسے لے کر گاڑیوں اور حتیٰ کہ عمارتوں کو بھی 3ڈی پرنٹنگ کے ذریعے تخلیق کرنے کا زمانہ آگیاہے۔ حیرت انگیز عجائب کی سرزمین دبئی اس میدان میں بھی دنیا پر سبقت لے گئی ہے کیونکہ یہاں دنیا کی پہلی 3ڈی پرنٹڈ کثیر المنزلہ عمارت بنانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
عریبین بزنس کی رپورٹ کے مطابق دنیا کی پہلی 3 ڈی پرنٹڈکثیرالمنزلہ عمارت بنانے کا فیصلہ کنسٹرکشن ٹیکنالوجی کمپنی Cazze نے کیا ہے، جو ’کرین پرنٹی‘ کے نام سے جانی جانے والی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے تعمیرات کے نئے دور کا آغاز کرنے والی ہے۔ کمپنی اس مقصد کے لئے اضافی یونٹس والی خصوصی کرینوں کا استعمال کرے گی جو 250 فٹ اور اس سے بھی بلند عمارتوں کی 3ڈی پرنٹنگ کے ذریعے تعمیر کے لئے خصوصی طور پر تیار کی جائیں گی۔

کمپنی کے سی ای او کرس کیلسی کا کہنا تھا ”جب ہم نے پہلی بار تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں سوچا تو ہمارا خیال تھا کہ ہم صرف گھر اور کم بلندی والی عمارتیں ہی بنائیں گے ۔ ڈویلپر ہم سے پوچھتے رہتے تھے کیا اس ٹیکنالوجی کی مدد سے کثیر المنزلہ عمارتیں بھی بنائی جاسکتی ہیں۔ اس بات سے ہمیں بلند عمارتوں کی تعمیر کے لئے اس ٹیکنالوجی کے استعمال پر تحقیق کرنے کے لئے رہنمائی ملی۔اس ٹیکنالوجی کی مدد سے ہم کثیر المنزلہ عمارتیں اتنی رفتار سے تعمیر کرسکیں گے کہ جس کا پہلے کبھی تصور بھی نہیں کیا گیا۔ جب ہم بڑے پیمانے پر پروڈکشن شروع کردیں گے تو اخراجات میں بھی کمی آجائے گی۔ “
کمپنی کے لئے کام کرنے والے مکینیکل انجینئر زیوئر ہرناند نے بتایا کہ 3ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے سٹیل اور کنکریٹ کی عمارتیں بنائی جائیں گی۔ عمارتوں کے بڑے بڑے حصے 3ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی سے بنا کر کرینوں کی مدد سے آپس میں جوڑے جائیں گے۔ کمپنی3ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی سے پہلی کثیر المنزلہ عمارت متحدہ عرب امارات میں تعمیر کرے گی، لیکن اس کے بعد یہ سلسلہ دنیا کے دیگر ممالک تک بھی پھیلایا جائے گا۔ کمپنی کو متعدد ممالک سے آرڈر پہلے ہی موصول ہوچکے ہیں۔