انوشکا نے بچپن کی عادتوں کا پول کھول دیا

انوشکا نے بچپن کی عادتوں کا پول کھول دیا

لاہور:بچپن میں ہر بچہ تقریبا ایک ہی طرح کی حرکتیں کرتا ہے اور والدین کے لاکھ منع کرنے کے باوجود بھی باز نہیں آتا لیکن عام لوگوں کا خیال ہوتا ہے کہ ان کی پسندیدہ شخصیات شاید کسی اور ہی دنیا سے آئی ہیں اور انہوں نے ان شخصیات کا اپنا ہی امیج بنایا ہوتا ہے ۔ایسی ہی کچھ بچپن کی حسین یادیں انوشکا شرما نے اپنے مداحوں کے ساتھ شئیر کیں جسے سن کر سب کافی حیران ہوئے ۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما ٹی وی پروگرام میں اپنی نئی آنے والی فلم ”پھلاری“ (Phillauri) کی پروموشن کے لیے پہنچی، اداکارہ سے جب پروگرام کے دوران بچپن کی عادتوں کا پوچھا گیا توانہوں نے ایک ایسی عادت کا انکشاف کیا جس کے بعد ان کے مداح اوراس پروگرام میں شرکت کرنے والے لوگ حیران رہ گئے۔اداکارہ نے کہا کہ بچپن میں انہیں لگتا تھا کہ وہ ایک کباڑیا تھیں کیونکہ وہ بچپن میں چاکلیٹ کے ہرطرح کے ریپر، سکے اور مہروں کو سڑک سے اکٹھا کرتی تھیں۔ اداکارہ نے کہا جب بھی وہ اسکول سے گھرآتی تھیں تو وہ ان چیزوں کواکٹھا کرکے جمع کرتی تھیں جب کہ کبھی کبھی تو وہ ان ریپرمیں سے بچی ہوئی چاکلیٹ بھی چاٹا کرتی تھیں۔اداکارہ نے کہا کہ وہ بہت سارے ریپرجمع کرکے الماری یا جوتوں کے ڈبوں میں رکھا کرتی تھیں، ایک بارجب والدہ نے مجھے ریپررکھتے ہوئے دیکھ لیا تووہ بہت غصہ ہوئیں اورمیری بہت زیادہ پٹائی بھی کی جس کے بعد میں نے یہ عادت چھوڑدی۔