شی جن پنگ کی مدت صدارت میں مزید 5 سال کی توسیع

شی جن پنگ کی مدت صدارت میں مزید 5 سال کی توسیع

بیجنگ: چین کے صدر شی جن پنگ کی مدت صدارت میں مزید 5 سال کی توسیع کر دی گئی۔ چین کی پارلیمنٹ نے صدر شی جن پنگ کی دوسری مدت کے لیے توثیق کر دی۔

نیشنل پیپلز کانگریس کے سالانہ اجلاس میں تمام 2970 ارکان نے شی جن پنگ کے حق میں ووٹ دیا۔ شی جن پنگ 2023 کے بعد بھی چین کے صدر رہیں گے۔

مزید پڑھیں: ایف بی آئی کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹرانڈریومک کیب کو عہدے سے برطرف کردیا گیا

اس سے پہلے نیشنل پیپلز کانگریس نے شی جن پنگ کو غیرمعینہ مدت کے لیے صدر رہنے کا اختیار دیا تھا۔

یاد رہے گزشتہ دنوں چین نے صدر کے عہدۂ صدارت کی حد پر عائد پابندی ختم کر دی ہے جس کے بعد سے موجودہ صدر شی جن پنگ ممکنہ طور پر تاحیات صدر رہ سکتے ہیں۔ اس آئینی تبدیلی کی منظوری نیشنل پیپلز کانگریس نے اتوار کے روز اپنے سالانہ اجلاس کے موقع پر دی۔ کل 2964 ارکان پر مشتمل اس ادارے کے دو ارکان نے اس تبدیلی کے خلاف ووٹ دیا جبکہ تین نے رائے شماری سے اجتناب کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب یمن کے مرکزی بینک میں دو ارب ڈالر جمع کرائے گا

خیال رہے چین میں 1990 کے بعد سے صدر کے عہدے کی میعاد مقرر ہے تاہم صدر شی نے روایت کے برخلاف اکتوبر میں ہونے والے کمیونسٹ پارٹی کانگریس میں اپنے جانشین کا اعلان نہیں کیا۔

اس کی بجائے انھوں نے اپنی سیاسی قوت کو تقویت دینے پر توجہ مرکوز رکھی اور پارٹی نے ان کے نام اور سیاسی آئیڈیالوجی کو آئین کا حصہ بنانے کے لیے ووٹ دیا۔ اس طرح شی جن پنگ کا مرتبہ پارٹی کے بانی ماؤ زے تنگ کے برابر ہو گیا ہے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں