’’حکومت کو چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں شکست نہ دیتے تو وہ چوری کی اجازت کا قانون بنا لیتے‘‘

’’حکومت کو چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں شکست نہ دیتے تو وہ چوری کی اجازت کا قانون بنا لیتے‘‘

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بات بیٹی ہمیں کیوں نکالا کا رونا رو رہے ہیں۔

تحریک انصاف کے سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ سوشل میڈیا نے دنیا کو بدل دیا ہے، پی ٹی آئی مضبوط ہی سوشل میڈیا کی وجہ سے ہوئی۔ اگر حکومت کو چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں شکست نہ دیتے تو وہ شریف خاندان کو "چوری کی اجازت" کا قانون بنا لیتے، جمہوری آمر زیادہ خطرناک ہوتا ہے، ادارے تباہ کر دیتا ہے۔ شریفوں کے بچے شہنشاہوں کی طرح گھومتے ہیں۔ اگلے چھ ماہ میں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری جنگ مافیا کے خلاف ہے نوجوانوں کو اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ ظلم کے وقت خاموش رہنے والے لوگ سب سے کمزور ہوتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ لوگ گندا پانی پینے سے مر جاتے ہیں۔ پاکستان میں پیدائش کے وقت بچوں کی اموات کی شرح سب سے زیادہ ہوتی ہے۔

پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اگر لیڈر شپ پیسہ چوری کرے تو قوم غریب ہوجاتی ہے، انصاف کے ادارے مضبوط ہونے سے قوم ترقی کرتی ہے۔ شہباز شریف نے پنجاب میں میٹرو بنا دی اور ہسپتالوں کی حالت سب کے سامنے ہے، ملتان میٹرو میں 60 ارب لگا دیئے اور کوئی سفر ہی نہیں کرتا، ملتان میٹرو صرف پیسہ بنانے کے لیے بنائی گئی۔ خیبرپختونخوا میں بہترین پولیس، ہسپتال اور تعلیم کا نظام ہے۔ ہم نے ساڑھے چارسالوں میں خیبرپختونخوا پولیس کو ادارہ بنادیا۔

بھارت میں مسلمانوں کو بہت زیادہ خطرہ ہے۔ بھارت میں مسلمانوں کو گوشت کھانے کی وجہ سے قتل کر دیا جاتا ہے۔ ہمیں آج قائداعظم کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔