حکومت نے فیڈل کاسترو کو سول ایوارڈ نشان پاکستان دینے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد: حکومت نے کیوبا کے سابق صدر اور انقلاب کی علامت سمجھے جانے والے رہنما فیڈل کاسترو کی جدوجہد کے اعتراف میں انہیں سب سے بڑا سول ایوارڈ نشان پاکستان دینے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے یومِ پاکستان کے موقع پر 23 مارچ کو 152 شخصیات کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈز دینے کا اعلان کیا ہے جس میں کیوبا کے آنجہانی صدر فیڈل کاسترو کو سب سے بڑا سول ایوارڈ نشان پاکستان دیا جائے گا۔ فیڈل کاسترو 1959 سے 1976 تک کیوبا کے وزیراعظم رہے اور پھر 1976 سے 2008 تک ملک کے صدر رہے۔ 2006 میں طبیعت کی ناسازی کے بعد وہ منظر عام سے غائب ہو گئے اور پھر 2008 میں انہوں نے ملک کی باگ ڈور اپنے بھائی راول کاسترو کے سپرد کر دی۔

اسی طرح جاپان کے کیمی ہیڈی اینڈو کو ستارہ پاکستان دیا جائے گا جب کہ حال ہی میں انتقال کرنے والی معروف قانون دان مرحومہ عاصمہ جہانگیر کو نشان پاکستان دیا جائے گا۔ انور حبیب، اسلم حیات، طارق محمود اور انجم توقیر کو ہلال پاکستان سے نوازا جائے گا جب کہ ستارہ امتیاز پانے والے 30 افراد میں اشتر اوصاف، جنید جمشید اور عائشہ ہارون شامل ہیں۔ ستارہ شجاعت 8 شخصیات کو دیا جائے گا، صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی 51 افراد کو دیا جائے گا۔ ستارہ قائداعظم اور ستارہ خدمت ایک ایک شخصیت کو ملے گا جب کہ تمغہ شجاعت 24 اور تمغہ امتیاز 27 افراد کو دیا جائے گا۔