ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ، تعداد 193 ہو گئی

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ، تعداد 193 ہو گئی
کیپشن:   تفتان سے آنے والے زائرین میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 119 ہو گئی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے 5 افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کر دی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ پہلے فیز میں ایران سے پنجاب پہنچنے والے 42 زائرین کے ٹیسٹ کیے گئے تھے جس میں 5 مثبت آئے۔

یوں ملک بھر میں اب تک سامنے آنے والے کورونا کیسز کی تعداد 193 ہو گئی ہے جس میں سندھ کے 155، خیبرپختونخوا کے 15، بلوچستان کے 10، جبکہ گلگت بلتستان کے 5 کیسزشامل ہیں۔

قبل ازیں سندھ میں مزید 5 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 155 تک پہنچ گئی تھی جبکہ ملک میں مجموعی طور پر 193 لوگ وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

اس حوالے سے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ایک ٹوئٹ کی اور بتایا کہ 17 مارچ کو صبح 11 بجے تک سندھ میں متاثرہ افراد کی کُل تعداد 155 ہو گئی ہے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں سندھ کی تعداد کو 36 لکھا جس میں سے 2 صحت یاب جبکہ 34 زیر علاج بتائے گئے جبکہ سکھر آنے والے زائرین کے ٹیسٹ کا انہوں نے الگ سے بتایا۔

مرتضیٰ وہاب نے لکھا کہ سکھر آنے والے زائرین میں سے کل 234 کے ٹیسٹ کیے گئے جس میں 115 منفی اور 119 مثبت آئے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 155 ہو گئی۔