پی ڈی ایم کیساتھ رہنا ہے یا نہیں؟ فیصلہ پیپلز پارٹی نے کرنا ہے: احسن اقبال

To support PDM or not? The decision is to be made by PPP: Ahsan Iqbal
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رویے نے ہمیں بہت مایوس کیا ہے، اب اسے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا حصہ رہنا ہے یا نہیں، اس بات کا فیصلہ اسے خود کرنا ہے۔

انہوں نے یہ بات ایک ٹیلی وژن کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کے قائدین کا رویہ انتہائی مایوس کن تھا۔

مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل نے انکشاف کیا کہ اجلاس کے دوران ایسی باتیں کی گئی جن سے ہماری دل آزاری ہوئی، ان میں سے کچچ باتیں تو ایسی تھیں جنھیں ہونا ہی نہیں چاہیے تھا۔

احسن اقبال نے بڑا بیان دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم اگر ناکام ہوئی اور جس پر اس کا ملبہ گرا وہ سیاسی جماعت اس کا بوجھ اٹھانے کی سکت میں نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اجلاس میں پیپلز پارٹی کے قائدین سے کہا گیا ہے کہ اگر وہ چاہتے ہیں تو فی الحال سندھ اسمبلی سے اپنے استعفے پیش نہ کریں۔ تاہم اس کے باوجود بھی اگر وہ اس آپشن پر غور نہیں کرتے ہوئے تو یہ ان کا اپنا فیصلہ ہے۔

انہوں نے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ فیصلہ پیپلز پارٹی کے قائدین نے کرنا ہے کہ آیا وہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا حصہ رہنا چاہتے ہیں یا اس کا ساتھ دینا ہے۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ گزشتہ روز پی ڈی ایم کا اجلاس سیاسی جماعتوں کے درمیان دراڑیں ڈال گیا ہے، بظاہر ایسا لگتا ہے کہ حکومت کو گرانے کی دھمکیاں دینے والا اس اتحاد کا شیرازہ بکھرنے کے قریب ہے، تاہم اس کا مستقبل اب کیا ہوگا؟ اس کا فیصلہ پیپلز پارٹی نے کرنا ہے۔ خبریں ہیں کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے لئے جائیں گے۔