میشا شفیع کی سزا سے متعلق غلط خبر چلا کر بھارتی میڈیا نے ہلچل مچا دی

میشا شفیع کی سزا سے متعلق غلط خبر چلا کر بھارتی میڈیا نے ہلچل مچا دی

نیو دہلی: دنیا بھر میں 'فیک' نیوز پھیلانے والے بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر غلط خبر دے کر ہل چل مچا دی ۔

بھارتی میڈیا نے جھوٹی خبر دی کہ گلوکارہ میشا شفیع کو گلوکار علی ظفر پر ہراسانی کا الزام ثابت نہ کرنے پر تین سال قید کی سزا سنائی گئی ہے ۔

ٹائمز آف انڈیا کی جانب سے خبر شائع ہوتے ہی انڈین میڈیا نے خبر کی تصدیق کیے بغیر ہی اس جھوٹ کو پھیلانا شروع کر دیا ۔ بھارتی میڈیا کے بعد برطانوی اخبار ڈیلی میل نے بھی یہ فیک نیوز شائع کی ۔

بھارتی میڈیا کی فیک نیوز ، سوشل میڈیا پر آگ کی طرح پھیل گئی اور ٹویٹر پر میشا شفیع اور علی ظفر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے ۔ بالآخر ، میشا شفیع کو ان جھوٹی خبروں کی حقیقت بتانے کے لیے خود میدان میں آنا پڑا ۔

میشا شفیع نے ٹویٹر پر بھارتی میڈیا کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ یہ تمام باتیں جھوٹ پر مبنی ہیں ، بھارتی میڈیا کو اس جھوٹے پروپیگنڈے پر شرم آنی چاہئے ۔

واضح رہے کہ میشا شفیع اور علی ظفر کا کیس ابھی عدالت میں چل رہا ہے جس کا فیصلہ آنا باقی ہے ایسے میں بھارتی میڈیا کی جانب سے غلط خبر چلانے سے میشا شفیع کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔