انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 98 پیسے سستا ہو گیا

انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 98 پیسے سستا ہو گیا
کیپشن: انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 98 پیسے سستا ہو گیا
سورس: فائل فوٹو

کراچی: ملک بھر میں ڈالر کی قدر میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی 98 پیسے سستی ہو گئی اور 156 روپے کی حد بھی گر گئی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 98 پیسے سستا ہو گیا۔ امریکی کرنسی سستی ہونے سے 156 روپے کی حد بھی گر گئی اور قیمت 156 روپے 72 پیسے گرنے کے بعد 155 روپے 74 پیسے ہو گئی ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی گراوٹ کی بڑی وجوہات میں سے ایک وجہ وزیراعظم عمران خان کا ڈیجیٹل روشن پروگرام ہے جس میں اوور سیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد ملک میں پیسے بھیج رہی ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ نو ماہ کے دوران مسلسل ریکارڈ ترسیلات زر کا ملک میں آنا بھی ملکی روپے کے لیے نیک شگون قرار دیا جا رہا ہے۔ آئی ایم ایف کی طرف سے قرض پروگرام کی بحالی کے بعد قوی امکان ہے کہ آئندہ چند دنوں میں قرض پروگرام کی نئی قسط موصول ہو جائے گی۔

آئندہ دو ماہ کے دوران بھی مزید ترسیلات زر موصول ہو سکتی ہیں کیونکہ آئندہ دو ماہ کے دوران رمضان المبارک اور عید کے باعث اوور سیز پاکستانی ملک میں پیسے بھیج سکتے ہیں جس کے باعث قوی امکان ہے کہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت 150 روپے سے نیچے گر جائے گی۔