قدامت پسند امریکی پابندیوں کے خاتمے کی راہ میں رکاوٹ ہیں ، ایرانی صدر

قدامت پسند امریکی پابندیوں کے خاتمے کی راہ میں رکاوٹ ہیں ، ایرانی صدر
سورس: File photo

تہران ، ایرانی صدر نے ملک کے قدامت پسندوں سے کہا ہے کہ  وہ امریکی پابندیوں کے خاتمے کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران میں عنقریب الیکشن ہونے والے ہیں جبکہ نئی امریکی حکومت بھی ایران کے ساتھ معاہدہ بحال کرنے کا اشارہ دے رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق  صدر حسن روحانی نے ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے نام لیے بغیر کہا کہ اگر کسی طبقے یا شخص کی وجہ سے پابندیوں کے خاتمے میں ایک گھنٹے کی بھی تاخیر ہوئی تو یہ ملک و قوم کے ساتھ بہت بڑا دھوکا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک چھوٹی سی اقلیت پابندیوں کے خاتمے کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے اور اسے اپنے اس تباہ کن عمل سے باز رہنا ہوگا، اگر وہ رک جاتی ہے تو حکومت پابندیاں ختم کراسکتی ہے۔روحانی نے کہا کہ اس وقت پابندیوں کے خاتمے کے لیے بہت زیادہ سازگار حالات ہیں اور امریکی معاہدے کی بحالی پر تیار ہیں، تاہم اس کےلیے محض زبانی جمع خرچ نہیں بلکہ عملی اقدام کی ضرورت ہے۔

دوسری طرف ایرانی انتہا پسندوں کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ صدر روحانی کے دشمنوں سے ہاتھ ملانے کی پالیسیاں ناکام ہوچکی ہیں۔ اگر معاہدہ بحال نہ ہوا تو حسن روحانی کے اگلا الیکشن جیتنے کے امکانات ختم ہوسکتے ہیں۔