دورہ جنوبی افریقہ کیلئے منتخب قومی سکواڈ میں شامل ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

دورہ جنوبی افریقہ کیلئے منتخب قومی سکواڈ میں شامل ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیلئے منتخب ہونے والے قومی سکواڈ میں شامل ایک کھلاڑی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دورہ جنوبی افریقہ کیلئے منتخب ہونے والے قومی سکواڈ کے مجموعی طور پر 35 ٹیسٹ کئے گئے اور ماسوائے ایک کھلاڑی کے تمام رپورٹس منفی ہیں تاہم مذکورہ کھلاڑی سے متعلق معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ 
ذرائع کے مطابق منفی رپورٹس کے حامل تمام کھلاڑیوں کو ٹریننگ کیمپ میں شرکت کیلئے جمعرات کے روز لاہور پہنچنے کی ہدایت کر دی گئی ہے جس کا آغاز جمعہ سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہو گا۔ پی سی بی کا مزید کہنا ہے کہ کورونا وائرس کا شکار ہونے والے کھلاڑی کا جمعرات کے روز اس کی رہائش گاہ پر دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا۔ 
کرکٹ بورڈ کے مطابق اگر مذکورہ کھلاڑی کے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی تو ہی اسے لاہور سفر کرنے کی اجازت دی جائے گی جبکہ دوبارہ ٹیسٹ سے قبل دو روز کیلئے انہیں آرام دیا جائے گا ۔