حکومت انتخابی اصلاحات میں سنجیدہ ہے تو ہم اس کیساتھ بیٹھنے کیلئے تیار ہیں: راجہ پرویز اشرف

حکومت انتخابی اصلاحات میں سنجیدہ ہے تو ہم اس کیساتھ بیٹھنے کیلئے تیار ہیں: راجہ پرویز اشرف
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماءاور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت نیک نیتی سے انتخابی اصلاحات کرنا چاہتی ہے تو اس کے ساتھ بیٹھنے کیلئے تیار ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنے وعدے پورے نہیں کرسکی اس لئے عوام حکومت کے خلاف ہیں، اگرکل پارلیمنٹ کھلتی ہے تو سینٹ انتخابات کے متعلقہ دستاویزات حاصل کرکے عدالت میں چیلنج کریں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ نوازشریف قابل احترام ہیں اور ان کی ملک و قوم کیلئے بے شمار خدمات ہیں، ہم 10 سیاسی جماعتیں ہیں اور سب کے اپنے اپنے منشور ہیں، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) جو فیصلہ کرے گی اس سے متعلق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو آگاہ کر دیں گے۔ 

سابق وزیراعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم نے پارلیمان کے ذریعے حکومت کو چوٹ لگائی، پارلیمان کی آواز طاقت ور ہے، بے نظیر بھٹو 17 ممبران کے ساتھ پارلیمینٹ میں جاکر اپوزیشن میں جاکر بیٹھی، ہمیں یقین ہے ہم اپنے دوستوں کو مطمئن کرلیں گے۔