قومی سکواڈ کے انتخاب پر بابراعظم کی ناراضگی، شاہد خان آفریدی بھی میدان میں آ گئے

قومی سکواڈ کے انتخاب پر بابراعظم کی ناراضگی، شاہد خان آفریدی بھی میدان میں آ گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور جارح مزاج آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ بابراعظم نے میدان میں ٹیم کی قیادت کرنی ہے اور کارکردگی کے ذمہ دار بھی وہی ہوں گے اس لئے ٹیم سلیکشن میں ان کی رائے کو سب سے زیادہ اہمیت دینی چاہئے۔ 
تفصیلات کے مطابق دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیلئے قومی سکواڈ کے انتخاب کے بعد یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ بابراعظم چیف سلیکٹر محمد وسیم کے منتخب کردہ سکواڈ سے ناخوش ہیں اور اس حوالے سے انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سے بات بھی کی ہے۔ 
شاہد خان آفریدی نے اس معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بابراعظم میدان میں ٹیم کی قیادت کریں گے اور ٹیم کی کارکردگی کے ذمہ دار بھی وہی ہوں گے اس لئے سکواڈ کا انتخاب کرتے وقت ان کی رائے کو سب سے زیادہ اہمیت دی جانی چاہئے۔ چیف سلیکٹر اور کپتان میں اختلاف رائے ہو سکتا ہے، لیکن ایسی چیزیں پردے کے پیچھے ہی رہنی چاہئیں اور میڈیا میں نہیں آنی چاہئیں۔ 
شاہد خان آفریدی نے اس موقع پر سینئر کھلاڑیوں کے حق میں بھی آواز بلند کی اور کہا کہ تجربہ کار کھلاڑیوں کو ان نوجوان کھلاڑیوں پر ترجیح دینی چاہئے جنہوں نے ابھی ایک دو میچز میں ہی کارکردگی دکھائی ہے کیونکہ انٹرنیشنل کرکٹ میں موقع ملنے پر تجربہ کار کھلاڑی کی کامیابی کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔