بھارت میں پانچ سالہ بچی سے زیادتی کے ملزم کو پھانسی کی سزا

بھارت میں پانچ سالہ بچی سے زیادتی کے ملزم کو پھانسی کی سزا
سورس: File photo

بھارتی عدالت نے پانچ سال کی بچی سے زیادتی کے ملزم کو پھانسی کی سزا سنادی 

بھارتی ریاست راجستھان کی عدالت نے پانچ سالہ بچی سے زیادتی  کے ملزم کو  سزائے موت سنا دی ۔

عدالت کے جج سوکیش کمار جین نے  فیصلے پر ریمارکس دیئے کہ اس طرح کا عمل کوئی جانور بھی بچوں کے ساتھ نہیں کرتا جو اس مجرم نے کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی وارداتوں کے پیچھے منشیات کا استعمال اور  پورنوگرافی کا بڑ اعمل دخل ہوتا ہے لہٰذا حکومت کو چایئے کہ اس حوالے سے بھی مؤثر اقدامات کرے۔

اسپیشل پروسیکیوٹر لوکیندر سنگھ شیخاوت نے بتایا کہ جج نے بچی سے درندگی کرنے والے 20سالہ ملزم سنیل کمار کو پھانسی کی سزا سنائی ہے۔

اس سے قبل بیس سالہ سنیل کمار کو  سخت سیکورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا۔ یہ واقعہ 19 فروری2021کو ہوا تھا نو دن کے اندر پولیس نے کورٹ میں چالان پیش کر دیا اور عدالت نے محض 26 دن میں فیصلہ سنا دیا۔

یاد رہے کہ عدالت کے جج جین نے سزا سناتے ہوئے کہا کہ کیس کی سماعت کے دوران تم ایک بار بھی اپنے فعل پر شرمسار نظر نہیں آئے اگر پشیماں ہوتے تو ممکن تھا کہ تمھاری سزا دوسری ہوتی۔

یاد رہے کہ بھارت میں جنسی تشدد کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے عدالتیں جلدکیس نمٹانے کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں ۔