پاکستانیوں کیلئے کویت کے ویزے جلد کھولنے جا رہے ہیں، شیخ رشید نے خوشخبری سنا دی

پاکستانیوں کیلئے کویت کے ویزے جلد کھولنے جا رہے ہیں، شیخ رشید نے خوشخبری سنا دی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پاکستانیوں کو خوشخبری سنائی ہے کہ ان کیلئے کویتی ویزے جلد کھلنے جا رہے ہیں جبکہ وزارت داخلہ میں 18,18 سال سے بیٹھے افسروں کو بھی تبدیل کریں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستانیوں کیلئے 2011ءسے کویت کے ویزے بند ہیں لیکن اب بہت جلد یہ کھلنے جا رہے ہیں جس سے پاکستانی مستفید ہو سکیں گے اور روزگار کے حصول کیلئے کویت کا سفر کر سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کویت نے کوویڈ 19 کی وجہ سے بند ائیرپورٹس کھول دئیے ہیں اور اب جلد ہی ویزے بھی کھل جائیں گے۔ 

اس موقع پر انہوں نے سیاست پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے لانگ مارچ ملتوی کر کے بہت اچھا فیصلہ کیا ہے، اس فیصلے سے سیاست میں سکون آیا ہے اور روزے بھی اچھے گزریں گے، پی ڈی ایم سے کہوں گا کہ وہ عمران خان کو شکست نہیں دے سکتے، وہ سیاسی طور پر ہیوی ویٹ لیڈر ہیں جو ان سے نہیں گریں گے اس لئے اسمبلی میں آ جائیں۔ 
قبل ازیں ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان گزشتہ روز بہت غصے میں نظر آئے، پہلے ہی کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے ہاتھ ہو گا، لانگ مارچ ملتوی ہونے کے فیصلے سے پی ڈی ایم کی سیاست کو بہت بڑا دھچکا لگا ہے، مولانا فضل الرحمان نے پہلے بھی لانگ مارچ کیا تھا اور ایک سال پہلے اسلام آباد میں دھرنا بھی دیا تھا، یہ بہت مشکل کام ہیں۔ 
شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں کے ارکان بھی استعفے نہیں دینا چاہتے کیونکہ ارکان اسمبلی یہ ضرور سوچتے ہیں کہ حلقے میں ان کا مد مقابل کون ہو گا اور جہاں تک ناز شریف کی بات ہے تو انہیں واپس آنے کی اجازت دینے کیلئے تیار ہیں البتہ زندگی اور موت کی گارنٹی نہیں دی جا سکتی، یہ اللہ کے ہاتھ میں ہے، ہم وہی کر سکتے ہیں جو ہمارے اختیار میں ہے۔