دورہ جنوبی افریقہ کیلئے منتخب قومی سکواڈ میں شامل کس کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے؟ نام سامنے آ گیا 

دورہ جنوبی افریقہ کیلئے منتخب قومی سکواڈ میں شامل کس کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے؟ نام سامنے آ گیا 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کیلئے منتخب قومی سکواڈ میں شامل فاسٹ باﺅلر حسن علی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے بعد انہیں اپنے گھر میں ہی قرنطینہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ منفی رپورٹس کے حامل کھلاڑیوں کو ٹریننگ کیمپ کیلئے لاہور طلب کر لیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیلئے  منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کا اعلان کیا جن میں فاسٹ باؤلر حسن علی کا نام بھی شامل ہے۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ گزشتہ روز 35 کھلاڑیوں کا کوویڈ 19 ٹیسٹ کیا گیا تو فاسٹ باؤلر حسن علی کے علاوہ باقی تمام کھلاڑیوں کی رپورٹس منفی آئی ہیں۔ 
پی سی بی کے مطابق حسن علی کو گھر میں ہی ازخود قرنطینہ اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے منفی رپورٹس کے حامل کھلاڑیوں کو ٹریننگ کیمپ میں شرکت کیلئے لاہو رطلب کر لیا گیا ہے جس کا آغاز جمعہ سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہو گا۔ فاسٹ باؤلر حسن علی کا جمعرات کے روز دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا جس کی رپورٹ منفی آنے کی صورت میں ہی وہ لاہور رپورٹ کرسکیں گے۔ 
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل حسن علی پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے دوران بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد انہیں قرنطینہ بھیج دیا گیا تھا جہاں دو ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت ملی تھی تاہم اب ایک مرتبہ پھر ان کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔