نوجوان ایک ساتھ کافی،سافٹ ڈرنک اور سوڈا پینے سے جاں بحق

نوجوان ایک ساتھ کافی،سافٹ ڈرنک اور سوڈا پینے سے جاں بحق

میام:امریکا میں کیفین سے تیار کردہ مشروبات نے نو عمر لڑکے کی جان لے لی۔لڑکے نے کافی،سافٹ ڈرنک اور انرجی سوڈا اوپر تلے پیا اور دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہو گیا۔امریکی ریاست جنوبی کیرولینا کے علاقے رچلینڈ کے کورونر آفس سے جاری ایک بیان کے مطابق نوعمر لڑکا ڈیوس ایلن کرائیپ ”کیفین انڈیوس کارڈیک اریسٹ“سے ہلاک ہوا ہے۔

ڈیوس نے کافی پینے کے بعد ڈائیٹ ماﺅنٹین ڈیو اور اس کے بعد ایک انرجی ڈرنک لیا،انرجی ڈرنک کو پینے کے پندرہ منٹ بعد ہی ڈیوس کو دل کا دورہ پڑا اور وہ بے ہوش ہو گیا ۔مذکورہ واقعہ کو مد نظر رکھتے ہوئے امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اینڈمنسٹریشن نے اپنے ایک انتباہ میںکہا ہے کہ بالغ افراد ایک دن میں 400 ملی گرام (چار سے پانچ کپ)سے زیادہ کیفینٹڈ مشروب پینے سے گریز کریں،ایک انرجی ڈرنک میں 240 ملی گرام کیفین ہوتی ہے جس کا زیادہ استعمال اچانک بلند فشار خون کا باعث بنتا ہے جس سے دل کا دورہ پڑنے کے امکانات دو گنا ہو جاتے ہیں۔

ڈیوس کے والد سین کرائیپ نے بیان دیا ہے کہ ان کا بیٹا کھانے پینے میں محتاط رہتا تھا ان کا خیال ہے کہ ان کے بیٹے کی جان انرجی ڈرنک نے لی ہے۔امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اینڈمنسٹریشن نے کہا ہے کہ والدین کو اپنے بچوں سے ان مشروبات کے بے جا استعمال کے بارے بات کرنی چاہیے اور انھیں ان کے نقصانات سے آگاہ کرنا چاہیے۔