19؍مئی کو مقبوضہ کشمیر میں سیاسی قیدیوں کی رہائی کے حق میں پُرامن احتجاج ہوگا

19؍مئی کو مقبوضہ کشمیر میں سیاسی قیدیوں کی رہائی کے حق میں پُرامن احتجاج ہوگا

سری نگر:  مقبو ضہ کشمیر کے آزادی پسند قائدین سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے دختران ملّت سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی سیکریٹری فہمیدہ صوفی پر سیفٹی ایکٹ عائد کرنے اور انہیں کوٹ بلوال جیل شفٹ کرنے کی تیاری کرنے کو ریاستی دہشت گردی کا بدترین مظاہرہ قرار دیتے ہوئے 19؍مئی جمعہ کو نماز کے بعد اس کارروائی کے خلاف اور جملہ سیاسی قیدیوں کی رہائی کے حق میں پُرامن مظاہرے منعقد کرنے کی کال دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت آزادی پسندوں کے سلسلے میں براہِ راست ’’ڈاؤل ڈاکٹرین‘‘ پر عمل کررہی ہے اور وہ کشمیری عوام کی ترجمانی کرنے والی سیاسی قیادت کے خلاف عملاً برسرِ جنگ ہوگئی ہے۔

قائدین نے خاتون راہنما کی ناساز صحت پر بھی اپنی زبردست تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایک وقت جب انہیں کسی اچھے اسپتال میں داخل کرانے اور علاج ومعالجہ بہم پہنچانے کی ضرورت ہے، انہیں جموں کی کوٹ بلوال جیل منتقل کرنے کی تیاری کی جارہی ہے، جہاں ان دنوں شدّت کی گرمی پڑرہی ہے۔ یہ انتقام گیری کی بدترین مثال ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ آزادی پسند لیڈروں نے خبردار کیا کہ آسیہ اندرابی صاحبہ کو حراست میں کوئی گزند پہنچی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے اور ان کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

مصنف کے بارے میں