بھارت میں بچوں کے خلاف جرائم میں 70 فیصد اضافہ

بھارت میں بچوں کے خلاف جرائم میں 70 فیصد اضافہ

نئی دہلی :بھارت میں بچوں کے خلاف جرائم میں 70 فیصد اضافہ ہوگیا،ملک میں 2015 میں بچوں کے خلاف جنس سے منسلک 8904 مقدمات درج ہوئے تھے جب کہ پچھلے سال ان جرائم کی تعداد 14913 تھی،تازہ ترین اعداد و شما ر یہ ظاہر کرتے ہیں کہ بچوں کے خلاف جنسی تشدد اور جرائم بدستور بھارت کے لیے رسوائی اور بدنامی کا دھبہ بنے ہوئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملک کے سرگرم کارکنوں اور سرکاری عہدے داروں نے کہا کہ بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی ، تشدد اور انہیں جنسی مقاصد کے لیے اسمگل کرنے کے واقعات میں تقریبا 70 فی صد اضافہ ہوا ہے۔سن 2015 میں بچوں کے خلاف جنس سے منسلک 8904 مقدمات درج ہوئے تھے جب کہ پچھلے سال ان جرائم کی تعداد 14913 تھی۔نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو این سی آر بی کی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان میں بچوں سے زبردستی جنسی زیادتی، تشدد، جنسی مقاصد کے لیے ان کی اسمگلنگ اور فحش فلموں اور تصویروں کے لیے بچوں کے استعمال جیسے واقعات شامل ہیں۔
2015کی رپورٹ یہ ظاہر کرتی ہے کہ بچوں کے خلاف جنسی زیادتی کے تقریبا 95 فی صد واقعات میں ایسے لوگ ملوث تھے جنہیں بچے جانتے تھے ، مثلا والدین ، رشتے دار ، ہمسائے اور ٹیچر وغیرہ۔حالیہ برسوں میں بھارتی میڈیا بچوں کے خلاف جرائم پر آواز اٹھا رہا ہے لیکن سرگرم کارکنوں کا کہنا ہےکہ گھروں اور اسکولوں میں بچوں کو جنسی تشدد سے بچا کی تعلیم نہیں دی جاتی۔
ورلڈ وژن انڈیا کے ڈائریکٹر شیرین تھامس کا کہنا ہے کہ وہ اگلے پانچ سال کے دوران بھارت کے پچاس لاکھ بچوں تک پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے زیادہ تر واقعات میں گھراور کمیونٹی کے افراد ملوث ہوتے ہیں ۔ ہم اسے روکیں گے اور بچوں کو انکار کرنا سکھائیں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں