پی ٹی آئی الیکشن کمیشن میں بہانوں سے کام لے رہی ہے ،دانیال عزیز

پی ٹی آئی الیکشن کمیشن میں بہانوں سے کام لے رہی ہے ،دانیال عزیز

اسلام آباد: رہنما مسلم لیگ( ن) دانیال عزیز نے تحریک انصاف پرسخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کھوکھلے نعرے لگانے والی جماعت احتساب سے بھاگ رہی ہے ۔الیکشن کمیشن نے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ (ن) دانیال عزیز نے کہا کہ ہمیں گالیاں والے اپنے گریبان میں جھانکیں .ہم نے ان کے بارے میں جو باتیں الیکشن کمیشن کو بتائیں وہ سب سچ ثابت ہوئیں ۔ الیکشن کمیشن غیر ملکی فنڈنگ پر گزشتہ ڈھائی سال سے تحریک انصاف سے جواب مانگ رہے ہیں مگر کھوکھلے نعرے لگانے والی جماعت احتساب سے بھاگ رہی ہے اور یہ مسلسل بہانے کر رہے ہیں۔

عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی ٹانگوں میں طاقت پیدا کرواور الیکشن کمیشن کو جواب دو۔عمران خان تم جن گاڑیوں اور جہازوں میں گھومتے ہو کیا کبھی اس کا جواب دیا ہے۔ تم اشتہاری ہو۔ اور اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے والی سیاست دان ہو۔اس سے قبل الیکشن کمیشن نے پارٹی فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کو 30 مئی تک حتمی جواب داخل کرانے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب جے آئی ٹی کی نان سٹاپ تحقیقات جاری ہیں اور رقم کی منتقلی کا کھوج لگانے کے لیے سوالنامہ آخری مراحل میں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی نے منی ٹریل جاننے کے لیے سوالنامہ شریف فیملی کو ارسال کرے گی۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو پاناما کیس سے متعلق نیب ریکارڈ بھی موصول ہو گیا ہے۔ نیب کی طرف سے پاناما کیس کی تحقیقات کے لیے لکھے گئے مراسلے کو بھی ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ذرائع کا  یہ بھی کہنا ہے کہ جے آئی ٹی سپریم کورٹ میں اپنی رپورٹ جمع کرانے سے قبل شریف فیملی کو سوالنامہ بھیجنا چاہتی ہے۔ جے آئی ٹی اپنی پہلی رپورٹ 22 مئی کو سپریم کورٹ میں پیش کرے گی۔ پیر کے روز جے آئی ٹی کی جانب سے شریف فیملی کی طرف سے سپریم کورٹ میں جمع کرائے جانے والے منی ٹریل سے متعلق ثبوت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے گوشواروں، شریف فیملی کی ٹیکس ریٹرنز اور حدیبیہ پیپرز ملز کیس کا بھی موازنہ کیا گیا۔

واضح رہے پاناما کیس کی تفتیش کیلئے سپریم کورٹ کے خصوصی بینچ نے ایف آئی اے کے واجد ضیاء کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دی تھی۔ جے آئی ٹی نے 2 ماہ میں سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما فیصلے میں اٹھائے گئے پندرہ سوالوں کے جواب تلاش کریں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں