دس سے زائد گھنٹے بعد پاکستان کے کئی شہروں میں بجلی بحال

دس سے زائد گھنٹے بعد پاکستان کے کئی شہروں میں بجلی بحال
کیپشن: image by face book

لاہور:  رمضان المبارک سےایک روز پہلے ملک میں بجلی کا بدترین بریک ڈاؤن ہوا۔ تربیلہ، مظفر گڑھ اور گڈو پاور پلانٹس میں فنی خرابی کے باعث دس سے گیارہ گھنٹے تک عوام بجلی سےمحروم رہے۔ حکومت نے تحقیقات کیلئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔

پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں بدھ کی صبح ساڑھے نو بجے اچانک بجلی بند ہو گئی۔ ملک کے زیادہ ترعلاقوں میں بریک ڈاؤن کی وجہ وزارتِ توانائی نے فنی خرابی بتائی جس کے مطابق مظفر گڑھ میں 500 کے وی سپلائی لائن ٹوٹی پھر تربیلہ گڈو سمیت متعدد پاور پلانٹس ٹرپ کر گئے جبکہ این ٹی ڈی سی نے حقیقت کچھ اور بیان کی اور بجلی کی کم پیداوار کو بنیاد بنایا۔

سارا دن بیانات اور وضاحتوں میں گزرا، اس دوران حکومت نے تحقیقات کیلئے ایڈیشنل سیکرٹری پاور ڈویژن وسیم مختار کی سربراہی میں 4 رکنی کمیٹی قائم کر دی۔ حکام کے مطابق 500 کے وی غازی بروتھا ٹرانسمیشن لائن بحال کر دی گئی ہے۔

اسلام آباد، پشاور، فیصل آباد، ملتان اور لاہور کے گرڈ سٹیشنز میں شام ڈھلنے کے بعد بجلی بحالی کا عمل شروع ہو گیا۔