ٹرمپ جیسے دوستوں کے ہوتے ہوئے دشمنوں کی ضرورت نہیں ، صدر یورپی یونین

ٹرمپ جیسے دوستوں کے ہوتے ہوئے دشمنوں کی ضرورت نہیں ، صدر یورپی یونین

بلغاریہ : یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے امریکی صدر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ جیسے دوستوں کے ہوتے ہوئے ہمیں دشمنوں کی ضرورت ہی نہیں ہے۔

اجلاس کے دوران امریکا کا موازنہ روس اور چین سے کرتے ہوئے یورپی رہنماوں پر زور دیا کہ وہ امریکا کی جانب سے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے سے علیحدگی اور یورپ کے خلاف تجارتی ٹیکس عائد کرنے کے خلاف مشترکہ محاذ بنائیں۔انھوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے حالیہ فیصلوں کو دیکھتے ہوئے کوئی یہ بھی سوچ سکتا ہے کہ ایسے دوستوں کی موجودگی میں دشمنوں کی کیا ضرورت ہے؟

گزشتہ روز یورپی رہنماوں نے اتفاق کیا کہ امریکا کی جانب سے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے ختم کیے جانے کے باوجود یہ معاہدہ اور ایران کے ساتھ تجارتی تعاون جاری رہے گا۔ڈونلڈ ٹسک نے اس موقع پر مزید کہا کہ یورپ کو صدر ٹرمپ کا شکر گزار ہونا چاہیے کہ ان کی وجہ سے ہمارے تمام خدشات دور ہو گئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی صدر نے ہمیں باور کروا دیا ہے کہ اگر آپ کو مدد کی ضرورت ہے تو اپنی مدد آپ کرنا پڑے گی۔اجلاس کے بعد یورپی یونین کے ایک عہدے دار نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو بتایا کہ ایران ایٹمی معاہدے کے بارے میں یورپی رہنماوں نے متحدہ حکمت عملی پر اتفاق کیا ہے۔