نیب کا آصف زرداری کو ضمنی ریفرنس میں ملزم نامزد کرنے کا فیصلہ

نیب کا آصف زرداری کو ضمنی ریفرنس میں ملزم نامزد کرنے کا فیصلہ
کیپشن: آصف علی زرداری کو غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میں ملزم نامزد کیا جا رہا ہے، نیب۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو نے غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میں ضمنی ریفرنس دائر کرنے اور اس میں سابق صدر آصف علی زرداری کو بطور ملزم نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کے سلسلے میں نیب کی تحقیقات جاری ہے اور تفتیش میں مزید شواہد سامنے آنے پر نیب کی جانب سے آصف علی زرداری کو غیر قانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میں ملزم نامزد کیا جا رہا ہے۔

نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس کا پانچواں ہریش کمپنی سے غیر قانونی ٹھیکوں کا ریفرنس عدالت میں دائر کیا تھا جب کہ عبوری ریفرنس میں اومنی گروپ کے عبدالغنی مجید اور سیکرٹری سندھ حکومت اعجاز خان کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا تھا۔

نیب کے مطابق سندھ حکومت کے افسران نے ہریش کمپنی اور اومنی گروپ کو غیر قانونی ٹھیکے دیے جب کہ اومنی گروپ کے سربراہ عبدالغنی مجید نے بیٹی مناہل مجید کے نام بے نامی پراپرٹی بنائی۔

نیب کا مزید بتانا ہے کہ ڈی ایچ اے میں کرپشن کے پیسوں سے بنایا گیا قیمتی پلاٹ بھی منجمد کر دیا گیا۔

نیب کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر جعلی بینک اکاؤنٹس کی انکوائریز کی ہیں اور مجموعی طور پر 26 انکوائریز اور انویسٹی گیشنز جاری ہیں جن میں 5 انکوائریز اور 3 انویسٹی گیشنز میں آصف زرداری کا کردار سامنے آیا ہے۔