شاہدآفریدی کادورہ باغ ,1300 مستحق افراد میں امدادی سامان تقسیم کیا

شاہدآفریدی کادورہ باغ ,1300 مستحق افراد میں امدادی سامان تقسیم کیا

باغ : شاہدآفریدی کادورہ باغ, 1300 مستحق افراد میں امدادی سامان تقسیم کیا .

عالمی شہرت یافتہ کرکٹر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ ساری زندگی ٹی وی  سکرین پر کشمیر کی خوبصورتی دیکھ دیکھ کر ہمیشہ یہ خواہش رہی کہ اپنی آنکھوں سے اس جنت نظیر وادی کو دیکھوں آج یہاں آ کر محسوس ہوا اس سر زمین کی طرح یہاں کے باسی بھی بے انتہا خوبصورت، مہمان نواز اور اعلیٰ ترین اخلاقی اقدار کے مالک ہیں، اپنے اجداد کی جوانمردی کی داستانوں سے جڑی اس سر زمین کے باسیوں کی جرات و بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں، عالمی سطح پر تیزی سے پھیلتی کرونا وائرس کی وبا نے دنیا کو نئی مشکلات، نئے امتحانات اور بڑے چیلنجز سے دوچار کر دیا ہے۔

ان حالات میں غریب اور محنت کش طبقہ کی مشکلات بہت بڑھ چکی ہیں، ہماری آرگنائزیشن نے کراچی سے کشمیر تک کووڈ 19 سے متاثر ہونے والے عوام کی مشکلات میں کمی لانے کیلئے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے مگر اس دوران جتنے بہترین انتظامات اور مثالی نظم و ضبط مجھے باغ میں دیکھنے کو ملا کہیں اور نہیں تھا، میں ڈپٹی کمشنر باغ عبدالحمید کیانی اور انکی پوری ٹیم کو بہترین انتظامات پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ، ایس پی مرزا زاہد اور پولیس نفری نے بہت بہترین سیکورٹی انتظامات کر رکھے تھے، پاک فوج کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں،شاہد آفریدی نے PCB پاکستان کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا ہے آمدہ PSL میں کشمیر کی ٹیم کو رجسٹرڈ کیا جائے کشمیر میں کرکٹ کے ٹیلنٹ اور شائقین کی بڑی تعداد موجود ہے، انہوں نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے پیشکش کی وہ PSL میں کشمیر کی ٹیم کی قیادت کرنے چاہتے ہیں۔

شاہد آفریدی نے سپورٹس کمپلیکس باغ کرکٹ اکیڈمی قائم کرنے اور ہر سال خود یہاں آ کر کرکٹ لیگ کے انعقاد، کھلاڑیوں کی تربیت اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش، نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے ساتھ کراچی لیجانے ان کی تربیت اور تعلیمی اخراجات بھی برداشت کرنے کا اعلان کیا، شاہد خان آفریدی نے کہا کہ کرونا وائرس ایک خطرناک وبا ہے اس سے بچاو کیلئے ہم سب کو عالمی سطح پر مقرر کی گئی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا ہو گا قبل ازیں انہیں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیساتھ متاثرہ افراد میں ریلیف کی تقسیم کی تقریب میں لایا گیا، تقریب کی صدارت چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کی، تقریب سے ڈپٹی کمشنر عبدالحمید کیانی ،پرنسپل گورنمنٹ کالج پروفیسر شاد حسین، پروفیسر سید اخلاق گردیزی، نے بھی خطاب کیا۔

مایہ ناز کرکٹر شاہد آفریدی نے ہاڑی گہل اور ارجہ میں متاثرین میں امدادی سامان تقسیمِ کیا،ڈپٹی کمشنر عبدالحمید کیانی نے دورہ کے اختتام پر ارجہ ریسٹ ہاؤس میں شاہد آفریدی کے اعزاز میں پر تکلف افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں کمشنر پونچھ ڈویڑن عبدالحمید مغل انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، معزز مہمان کی کشمیری کھانوں اور سپیشل کشمیری ڈشز سے تواضع کی گئی، شاہد آفریدی نے اپنے مختصر دورہ باغ کے اختتام پر ایک مرتبہ پھر بہترین انتظامات اور پر خلوص مہمان نوازی پر ڈپٹی کمشنر عبدالحمید کیانی، باغ انتظامیہ اور عوام کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ بار بار باغ آنے کیلئے بیتاب رہیں گے-