مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف کا رواں ماہ پی ڈی ایم سربراہی اجلاس بلانے پر اتفاق

مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف کا رواں ماہ پی ڈی ایم سربراہی اجلاس بلانے پر اتفاق
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان حکومت مخالف تحریک کیلئے ایک بار پھر متحرک ہو گئے جنہوں نے حلیفوں کے ساتھ رابطے شروع کر دئیے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس دوران ملکی سیاسی صورتحال اور پی ڈی ایم کے مستقبل کے لائحہ عمل کے علاوہ دیگر امور پر مشاورت کی گئی۔ 
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان رواں ماہ کے آخر میں پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس بلانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ فضل الرحمان جلد دیگر جماعتوں کے سربراہوں سے رابطوں کے بعد حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت ملی تھی تاہم وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے انہیں ائیرپورٹ پر روک لیا گیا تھا۔ 
شہباز شریف نے بیرون ملک جانے سے روک جانے کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے اور توہین عدالت کی درخواست بھی دائر کی ہے جس میں سیکرٹری دخلہ اور ڈی جی ایف آئی اے سمیت دیگر حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔ 
دوسری جانب وفاقی حکومت نے شہباز شریف کے بیرون ملک جانے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے یہ فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔