لاہور میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 24 افراد گرفتار

لاہور میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 24 افراد گرفتار
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے وضع کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس نے 24 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ 
پولیس کے مطابق کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے افراد ریسٹورنٹ میں موجود تھے لیکن نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول (این سی او سی) کے فیصلے کے مطابق ریسٹورنٹس میں بیٹھ کر کھانے کی اجازت نہیں ہے۔
دوسری جانب ملتان میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر7 بسوں کو تحویل میں لے لیا گیا جو مسافروں کے درمیان سماجی فاصلے کی خلاف ورزی کر رہی تھیں۔ پنجاب کے علاقے شکر گڑھ میں بھی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 3 دکانیں سیل اور 24 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
واضح رہے کہ لاہور میں ایک بار پھر کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح 23.53 فیصد رہی ہے۔ ترجمان محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 12 ہزار 862 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 1073مثبت آئے ہیں۔
قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ لاہور میں کورونا کے کیسز میں کمی ہونا چاہیے تھی لیکن ایسا نہیں ہوا، یہاں کیسز کی تعداد زیادہ ہے اس لئے ایس او پیز پرعملدرآمد کیلئے سختی کرنا پڑے گی۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک 22 لاکھ 25 ہزار سے زائد لوگوں کو پنجاب میں ویکسین لگا چکے ہیں اور دو ویکسین لگنے سے نادرا ایک کارڈ جاری کر دیتا ہے کیونکہ این سی او سی تمام معلومات نادرا کیساتھ شیئر کر رہا ہے۔