لاہور کے ویکسین سینٹر میں پیسوں کے عوض کورونا ویکسین لگانے کا کیس سامنے آ گیا

لاہور کے ویکسین سینٹر میں پیسوں کے عوض کورونا ویکسین لگانے کا کیس سامنے آ گیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کے ویکسین سینٹرز میں پیسے لے کر کورونا سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگانے کا کیس سامنے آ گیا اور اس معاملے میں ملوث 18 ملازمین کو معطل کر دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ ریسرچ سینٹر (پی کے ایل آئی) میں لوگوں سے پیسے لے کر انہیں قطاروں سے بچاتے تھے اور معاملے میں انکوائری میں الزام ثابت ہونے پر تمام ملازمین کو معطل کر دیا گیا ہے، اس معاملے میں کسی بھی طرح کی غفلت اور کوتاہی ناقابل قبول ہے۔ 
دوسری جانب گزشتہ روز چین سے عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکوں کی مزید 12 لاکھ ڈوزز خصوصی طیارے کے ذریعے پہنچ گئی ہیں جبکہ اگلے ماہ مزید خوراکیں بھی پہنچ جائیں گی، حکومت اور طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موذی مرض کے وار سے بچنا چاہتے ہیں تو انہیں فوراً ویکسین لگوانی چاہئے۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 3,232 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ 74 مزید افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور اس وقت پورے ملک میں کورونا کے ایکٹو مریضوں کی تعداد 68,223 ہو گئی ہے۔