دبئی میں کورونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں میں نرمی کا اعلان

دبئی میں کورونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں میں نرمی کا اعلان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

دبئی: عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے باعث دبئی میں عائد پابندیوں(ایس او پیز )میں نرمی کا اعلان کردیا گیا ہے اور یہ نرمی ایک مہینے کیلئے آزمائشی طور پر کی جا رہی ہے جس میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق دبئی کی سپریم کمیٹی آف کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے 17 مئی سے ہوٹلوں میں تفریحی اور دیگر تقریبات کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔تفریحی سرگرمیوں کیلئے فنکار اور شرکاءکا ویکسین کا لگا ہونا لازمی شرط ہے جبکہ ہوٹلوں میں شادی کی تقریبات سے پابندی بھی ہٹالی گئی ہے تاہم تقریبات میں ماسک اور 2 میٹر کا فاصلہ لازمی شرط ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس دوران سپورٹس ایونٹس کی بھی اجازت دی گئی ہے لیکن تماشائیوں اور منتظمین کا ویکسین کا لگاہونا لازمی شرط ہے۔ انڈور ایونٹس کیلئے شائقین کی زیادہ سے زیادہ تعداد 1500 کی اجازت دی گئی ہے جبکہ آؤٹ ڈور ایونٹس کیلئے 2500 افراد کی اجازت ہوگی۔
اس سے قبل سعودی عرب نے بھی سفری پابندیاں اٹھا لی ہیں اور تمام ایئرپورٹس، بندرگاہیں اور سرحدی چوکیاں سعودی شہریوں کیلئے کھول دی گئی ہیں، ریاض کے کنگ خالد ایئر پورٹ سے پہلی پرواز رات ایک بجے کے بعد روانہ ہوئی۔ 
محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے جاری بیان میں میں کہا گیا ہے کہ وہی سعودی سفر کرسکیں گے جو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں۔ ایک خوراک لینے والے وہ افراد بھی سفر کرنے کے اہل ہیں جو پہلی خوراک لینے کے بعد چودہ دن گزار چکے ہوں جبکہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کو بھی سفر کی اجازت ہو گی البتہ 18 برس سے کم عمر کے سعودی شہریوں کو سفر کی مشروط اجازت ہے۔ 
سعودی محکمہ ہوابازی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ پرواز سے بہت پہلے ایئر پورٹ پہنچ جائیں اور صرف وہی لوگ ائیرپورٹ آئیں جنہوں نے سفر کرنا ہے کیونکہ غیر مسافروں کو ایئرپورٹ کی عمارت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی البتہ معذور مسافروں کے ساتھ آنے والے افراد اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ 
حکام نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ پابندیاں ختم ہونے کے ساتھ سعودی عرب سے لگ بھگ ایک لاکھ سعودی احتیاطی تدابیر کے ساتھ بیرون ملک کا سفر کریں گے جس کیلئے سعودی عرب کے9 ایئر پورٹس سے ایک دن میں 385 پروازیں چلائے جانے کی توقع ہے۔