دورہ ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ میچ کی جگہ 2 ٹی 20 میچز کا اضافہ، انضمام الحق نے بورڈ کو آڑے ہاتھوں لے لیا

دورہ ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ میچ کی جگہ 2 ٹی 20 میچز کا اضافہ، انضمام الحق نے بورڈ کو آڑے ہاتھوں لے لیا
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیف سلیکٹر اور قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے بورڈ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کو کسی بھی مختصر طرز کی کرکٹ پر قربان نہ کریں۔ 

تفصیلات کے مطابق انضمام الحق نے پی سی بی کے دورہ ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ کم کرکے ٹی 20 میچز بڑھانے کے فیصلے پر خاصی تنقید کی ہے جن کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کو کسی بھی مختصر طرز کی کرکٹ پر قربان نہ کریں، پی سی بی نے ایک ٹیسٹ کی جگہ دو ٹی 20 میچز بڑھائے، جو غلط ہے۔

سابق چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ دنیا کا کوئی بھی بورڈ ایسا کرتا ہے تو وہ غلط ہے اور اگر کرکٹر نے بھی ایسا کرنا شروع کر دیا تو بہت مشکل ہوجائے گی، ایسے فیصلوں سے لگتا ہے کہ پی سی بی کی توجہ صرف اور صرف مختصر طرز کی کرکٹ پر مرکوز ہے، جنوبی افریقی کھلاڑی قومی ڈیوٹی چھوڑ کر لیگ کھیلنے گئے، جو غلط تھا۔

انضمام الحق کا مزید کہنا تھا کہ فاسٹ باؤلر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تو پی سی بی سمیت کئی لوگوں نے اعتراض کیا جبکہ وہاب ریاض سے متعلق بھی باتیں ہوئیں کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کے بجائے ٹی 20 اور ون ڈے کھیلنا چاہتا ہے اور اب بورڈ کی جانب سے ہی ٹیسٹ کرکٹ کی قربانی دی جا رہی ہے۔