شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال کر کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا: فردوس عاشق اعوان

شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال کر کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا: فردوس عاشق اعوان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال کر غیر قانونی کام نہیں کیا۔ 
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لاہور پریس کلب میں کورونا ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح کیا اور اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال کر غیر قانونی کام نہیں کیا، گارنٹر کو چاہیے تھا کہ وہ بھائی کو واپس لاتا نہ کہ خود فرار ہونے کی کوشش کرتا۔
ایک سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے لندن جانے کیلئے ٹکٹ پہلے خریدا اور فیصلہ بعد میں آیا، انہیں ضمانت ملنے اور باہر جانے کا یقین تھا، لیکن حکومت گارنٹر کو اتنی آسانی سے نہیں جانے دے گی، حکومت قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، انہیں شاہی خاندان کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔
اس موقع پر کمشنر لاہور محمد عثمان کا کہنا تھا کہ پریس کلب سینٹر پر 40 سال اور اس سے زائد عمر کے صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو ویکسین لگائی جائے گی، صحافی ڈاکٹرز کی طرح فرنٹ لائن ورکرز ہیں۔ صدر پریس کلب ارشد انصاری نے ویکسی نیشن سینٹر کے قیام پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔