فلسطین کی صورتحال پر جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس، شاہ محمود قریشی امریکہ جائیں گے

فلسطین کی صورتحال پر جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلاس، شاہ محمود قریشی امریکہ جائیں گے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کیلئے جمعرات کو امریکہ روانہ ہوں گے۔ 
ذرائع کے مطابق وزیرخارجہ فلسطین کی صورتحال پر نیویارک میں بلائے گئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے دوران پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ترک ہم منصب ایک ساتھ براستہ ترکی نیویارک پہنچیں گے۔ 
واضح رہے کہ امریکہ نے ایک ہفتے میں تیسری مرتبہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کو مشترکہ اعلامیہ جاری کرنے سے روک دیا ہے۔ چین، تیونس، اور ناروے کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ کی تحریر میں ’تشدد کے خاتمے اور عالمی قوانین کا احترام اور عام شہریوں اور بچوں کی حفاظت‘ کو یقینی بنانا شامل کیا گیا تھا۔ 
یہ مشترکہ اعلامیہ سلامتی کونسل کے 15 ممبران نے پیر کے روز منظور کرنا تھا لیکن امریکہ نے کہا کہ ’وہ اس اعلامیہ کی اس وقت حمایت نہیں کر سکتا۔‘ سلامتی کونسل کا اجلاس اتوار کے روز آن لائن منعقد ہوا، قبل ازیں یہ اجلاس جمعہ طے تھا تاہم اسرائیل کے اتحادی امریکہ نے اسے ملتوی کروا دیا تھا۔