ترکی کے صدر کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے آج  خطاب ، تحریک انصاف شریک نہیں ہوگی

ترکی کے صدر کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے آج  خطاب ، تحریک انصاف شریک نہیں ہوگی

اسلام آباد: ترکی کے صدر رجب طیب اردوان آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے ۔وہ تیسری بار مشترکہ پارلیمنٹ سے خطاب کرنے والے واحد عالمی رہنما ہیں ۔

نیو نیوز کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردوان آج اپنے 2 روزہ دورے کے آخری روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے دوپہر 2 بجے خطاب کریں گے ۔ تحریک انصاف نے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کر رکھا ہے تاہم دیگر تمام پارلیمانی جماعتیں اجلاس میں شرکت کریں گی۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے بعد ترک صدر لاہور کا دورہ کریں گے جہاں وزیر اعظم نواز شریف ترک صدر کے اعزاز میں شاہی قلعہ میں پر تکلف ضیافت کی میزبانی کریں گے۔

اس کے علاوہ پاک ترک جوائنٹ بزنس فورم کا اجلاس بھی لاہور میں ہوگا جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان آزادانہ تجارتی معاہدے پر آئندہ ماہ دستخط ہونے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز انہوں نے صدر مملکت سے ملاقات کی تھی اور صدر نے ترک ہم منصب اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا تھا۔