پاکستان اور ترکی دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر متفق

پاکستان اور ترکی دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر متفق

اسلام آباد: پاکستان اور ترکی نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ اتفاق رائے اسلام آباد میں دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت کے دوران طے پایا

۔وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ ترک وفد کی قیادت صدر رجب طیب اردوان نے کی۔فریقین نے تجارت اور معیشت کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور آنے والے دنوں میں اسے مزید فروغ دینے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے علاقائی اور عالمی معاملات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا

اس سے پہلے وزیراعظم اور ترکی کے صدر کے درمیان معاونین کے بغیر ملاقات بھی ہوئی۔ایوان وزیراعظم آمد پر وزیراعظم نواز شریف ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ترک صدر کے اعزاز میں باضابطہ خیرمقدمی تقریب منعقد کی گئی۔ دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد میں وزیراعظم نے ترک صدر کوکابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا۔ وزیراعظم بھی ترک وفد سے ملے۔