لاہور سے داعش کے مقامی رہنما سمیت 8 دہشت گرد گرفتار

لاہور سے داعش کے مقامی رہنما سمیت 8 دہشت گرد گرفتار

لاہور:  لاہور میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں داعش کے آٹھ مبینہ ارکان کو گرفتار کرلیا گیا ۔سی ٹی ڈی پولیس پنجاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار شدت پسندوں میں ان کا سرغنہ بھی شامل ہے ۔

گروہ  پنجاب سے لوگوں کو شدت پسندی کی جانب مائل کر کے شام اور افغانستان بھیجتا رہا ہے جبکہ گرفتار مشتبہ شدت پسند بھی شام اور افغانستان جانے کی تیاریوں میں تھے کہ عین وقت پر دھر لیے گئے۔

گرفتاریاں شدت پسندوں کے ایک سیل سے عمل میں آئیں جس کی گذشتہ تین ماہ سے نگرانی کی جا رہی تھی اور اس وقت چھاپہ مار کر ان شدت پسندوں کو گرفتار کیا گیا جب وہ شام اور افغانستان جانے کے لیے روانہ ہونے والے تھے۔

گرفتار شدت پسندوں میں دولتِ اسلامیہ کا مبینہ مقامی لیڈر نبیل ابی عبداللہ بھی شامل ہے جو پنجاب سے شدت پسندوں کوافغانستان اور شام بھیجنے کا کام کرتے رہے اور اب بھی اسی قسم کی سرگرمیوں میں ملوث رہا۔

اس گروہ کا سب سے اہم راہنما قاری عابد ہے جو پہلے ہی شام پہنچ چکے ہیں تاہم ان کی سوشل میڈیا پر پوسٹس ہی لوگوں کو شدت پسندی کی طرف راغب کرنے کا بڑا ذریعہ ہے۔

ترجمان کے مطابق ملزمان سے دولتِ اسلامیہ کا لٹریچر، لیپ ٹاپس، موبائل فونزبھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں اور گرفتار شدت پسندوں کے خلاف لاہور کے تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کر کے ان کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔