صدر طیب رجب اردگان کے خطاب سے کشمیریوںکے حوصلے بلند ہوئے ہیں

صدر طیب رجب اردگان کے خطاب سے کشمیریوںکے حوصلے بلند ہوئے ہیں

باغ: جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیرکے امیر وممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہاہے کہ ترکی کے صدر طیب رجب اردگان کے خطاب سے کشمیریوںکے حوصلے بلند ہوئے ہیں،اہل کشمیرطیب رجب اردگان کی پاکستان آمدکا خیر مقدم کرتے ہیں،طیب رجب اردگان نے ہمیشہ کشمیرپر دوٹوک موقف اختیارکیا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیرکے حل پر زور دیا،ترکی اس وقت OICکا چیئرمین ہے چیئرمین کی حیثیت سے طیب رجب اردگان OICکا کشمیرپر سربراہی اجلاس طلب کریں تاکہ مسئلہ کشمیرکے حل کے لیے پیش رفت کی جاسکے اور OICکے پلیٹ فارم سے جامعہ اور واضح حکمت عملی تشکیل دی جاسکے جس کے نیتجے میں کشمیرکی آزادی کی منزل حاصل ہوسکے.

ان خیالات کااظہار انھوں نے وفود سے اور صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا،انھوںنے کہاکہ ترکی نے ہر کڑے وقت میں پاکستان اور کشمیریوںکا ساتھ دیاہے،زلزلے کے موقع پر ترکی نے آگے بڑکر متاثرین کی مدد کی اور حقیقی بحالی کے پروگرامات شروع کیے اور آج تک ترکی اپنے منصوبے جاری رکھے ہوئے ہے،ترکی مسئلہ کشمیرکے حل کے لیے اہم کردار ادا کرسکتاہے اور کشمیری ان سے توقع بھی رکھتے ہیں کہ وہ اپنا کردار ادا کریںگے،ہندوستان کے وزیرا عظم نریندرمودی حالات کو جنگ کی طرف دھکیل رہے ہیں،مقبوضہ کشمیرمیں مظالم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں اور اپنے ان مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے سیز فائر لائن پر فائرنگ کررہے ہیں،عالمی برادری نریندر مودی کے عزائم کا نوٹس لے ۔